لاہور (چودھری اشرف) ایشین گیمز مین پاکستان ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جلد کانگرس اور بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں ہاکی ٹیم منیجر اور کوچ کی رپورٹ کی روشنی میں مستقبل کے فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں قومی ٹیم کے غیر ملکی کوچ رولینٹ اولئمینز کو بھی بلانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ وہ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بارے میں بتا سکیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو ایشین گیمز کی تیاری کے لئے تمام سہولیات فراہم کی گئیں۔ کھلاڑیوں ٹیم مینجمنٹ نے جو بھی کہا فوری طور پر ان کے مطالبات مانے گئے۔ افسوس ہے کہ اس کے باوجود بھی قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان ٹیم گروپ بندی کا شکار تھی اگر ایسا ہوتا تو ابتدائی چار میچوں کے نتائج بھی وہ نہیں ہوئے جس میں قومی ٹیم نے بڑے مارجن سے کامیابی سمیٹی تھی۔ جاپان کے خلاف قومی کھلاڑیوں نے پورا زور مارا لیکن قسمت میں کامیابی نہیں تھی کئی یقینی مواقع ضائع کر دیئے گئے، جبکہ امپائرنگ کا معیار بھی اچھا نہیں تھا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جلد ایگزیکٹو اور کانگرس کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ ہر کوئی عہدہ مانگتا ہے اگر کسی کے پاس کوئی پلان ہے تو فیڈریشن کے ساتھ ملکر شیئر کرے اس پر عمل کیا جائے گا۔ میری تمام اولمپئنز سے درخواست ہے کہ ہاکی تنقید سے نہیں بلکہ کام کرنے سے ٹھیک ہو گی۔ بھارت کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ میں بھی قومی کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ بدقسمتی سے اس میچ میں بھی کامیابی نہ مل سکی۔ منیجر اور کوچ کی رپورٹ کی روشنی میں مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں، کانگرس اور بورڈ کے اجلاس کے علاوہ میڈیا کے سوالوں کا جواب بھی دیا جائے گا۔