اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )انجمن فیض پنجتن ؑ کے زیر اہتمام امامبارگا ہ زین العابدین ؑمیں ولایت علی ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمر حیدرزیدی نے کہا کہ اسلام صلح و آشتی سے عبارت ہے اور اسکی اساس و بنیاد محبت و ولایت ہے ،اسلام نے اخوت و بھائی چارہ اور پیار کو فروغ دیا ،دشمن لاکھ بدخواہ ہو اس سے حتی الوسع درگزر کرنے کا درس دیا اوریہ حق دیا کہ برائی کا جواب اچھائی سے اور بد سلوکی کا جواب حسن سلوک سے دیا جائے۔انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں ہفتہ ولایت منانے کی اہم ترین غرض و غایت یہی ہے کہ صلح و آشتی کا پرچار کیا جائے کیونکہ اسلام امن و سلامتی کا علمبردار ہے اور تاریخ اسلام گواہ ہے کہ ہم نے کلاشنکوف اور تلوار و ہتھیار سے نہیں بلکہ محبت و پیار سے دشمنوں کو زیر کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری دوستی و دشمنی کا معیا رولایت ہے جو ہادیانِ انسانیت اور عالم بشریت کے دوست ہیں،وہ ہمارے دوست ہیں او رجو ان کے دشمن ہیں وہ ہمارے دشمن ہیں۔انجمن کنیزان امام العصر الزمان ؑ کے زیر اہتمام شعب ابی طالب میں خواتین کی محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے آپا سیدہ حسین نے کہا کہ غدیر دین و شریعت کی تکمیل اور مباہلہ حقانیت اسلام کی واضح دلیل ہے۔جامع مسجد جعفریہ آئی نائن میں امام جمعہ والجماعت علامہ سید گفتار حسین صادقی نے ہفتہ ولایت کی مناسبت سے محفل غدیر و مباہلہ سے خطاب کیا۔