اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کے پہیے پنکچر کرنے والے آج کس منہ سے دوسروں کو لیکچر دے رہے ہیں، جس موثر انداز سے مسئلہ کشمیر عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اجاگر کیا اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوئی اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی، برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکائونٹ خسارے اور درآمدات میں واضح کمی آئی ہے۔ ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کی کاوشیں بھی رنگ لا رہی ہیں۔ پیر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال صاحب!کشمیر پوری قوم کا مشترکہ کاز ہے، اس مسئلے پر قومی یکجہتی کی فضا کو سیاست کی نظر نہ کریں، آپ بتائیں کہ 5 اگست سے لیکر اب تک آپکی جماعت یا متحدہ اپوزیشن نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں کیا آواز بلند کی؟کوئی جلسہ، ریلی، اجتماع یا سیمینار تک منعقد کیا؟عمران خان کی کال پر پوری قوم کا آدھے گھنٹے کا احتجاج عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گیا، وزیراعظم کی خلوص نیت پر مبنی سفارتکاری رنگ لا رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم عمران خان کی خلوص نیت پر مبنی سفارتکاری اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی لازوال قربانیاں پوری دنیا میں اپنا رنگ دکھا رہی ہے۔ آج دنیا مظلوم کشمیریوں کے حق میں پاکستان کے ساتھ یک زبان ہو کر آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کوششوں کے باوجود نہ تو او آئی سی کی آواز خاموش کر ا سکا اور نہ ہی سلامتی کونسل کا اجلاس رکوا سکا۔ یورپین پارلیمنٹ کے ایجنڈے پر مسئلہ کشمیر کا زیر بحث آنا ہماری کامیاب سفارتکاری کا عملی ثبوت ہے۔ بھارتی موقف پوری دنیا میں پٹ چکا ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے۔
مسئلہ کشمیر یورپی پارلیمنٹ کے ایجنڈا پر آنا کامیاب سفارتکاری کا ثبوت ہے: فردوس عاشق
Sep 03, 2019