لاہور (نوائے وقت رپورٹ)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے بھارت اور افغانستان کے لیے جاسوسی کرنے والے افغان ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران شاہد نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 22 اگست کو طورخم بارڈر سے افغان ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان ایجنٹ کے پاس افغان پاسپورٹ بھی موجود تھا اور وہ 5 مرتبہ بھارت بھی جاچکا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ عمر داؤد نامی جاسوس افغانستان اور بھارتی ایجنسیوں کے لیے کام کررہا تھا۔ عمر داؤد نامی افغان ایجنٹ کرک کا رہائشی ہے اور ملزم کے پاس پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے پاسپورٹ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان ایجنٹ نے پشتون لبریشن آرمی کے نام سے ایک گروہ تشکیل دیا تھا اور پشتونوں کو پاکستان کے سکیورٹی اہلکاروں اور ملک کے خلاف بھڑکا رہا تھا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو افغانستان کی حمایت حاصل ہے اور اسے وہاں ملازمت بھی دی گئی۔ عمران شاہد نے کہا کہ ملزم 5 مرتبہ بھارت گیا، اس دوران جاسوس نے بھارت کی جامعات میں لیکچر اور مختلف چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔