اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے ویڈیو سکینڈل، مقدمہ کے تین ملزموں کی عبوری ضمانتیں خارج ہوگئیں،کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلئے گئے، ویڈیوسکینڈل کے حوالے سے جج ارشد ملک کی مدعیت میں درج مقدمہ میں نامزد ملزم ناصرجنجوعہ، خرم یوسف اور غلام جیلانی کی عبوری ضمانتوں کی سماعت اسلا م آبادکی سائبر کرائم عدالت کے جج طاہر خان نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی۔ ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، سماعت شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر کلیم اللہ تارڑ نے عدالت کو بتایاکہ ملزموں کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور ان کا کردار بھی واضح ہے،گرفتار کرنے کی اجازت دی جائے، جبکہ ملزمان کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ویڈیو ریکارڈ کرنے کا منصوبہ ناصر بٹ نے بنایا، ملزمان کا بلیک میلنگ سے کوئی تعلق نہیں، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے عبوری ضمانتیں خارج کر دیں، جس پر کمرہ عدالت سے نکلتے ہی ایف آئی اے افسروں نے ملزموں کو حراست میں لے لیا، واضح رہے سابق جج احتساب عدالت نمبردو اسلام آباد ارشد ملک کی مدعیت میں ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، اسی مقدمہ کے تحت ایف آئی آرمیں نامزدایک مرکزی ملزم میاں طارق پہلے ہی ایف آئی اے نے گرفتارکر رکھا ہے۔