گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) گھریلو جھگڑے پر سسرالیوں نے بہو کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ متاثرہ خاتون تشویشناک حالت میں لاہور ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پو لیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نارووال کی رہائشی شانزہ کی چھ ماہ قبل قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ جھگیاں کے احسان سے شادی ہوئی تھی۔ میاں بیوی کے مابین جھگڑا معمول بنا ہوا تھا۔ گزشتہ روز بھی ان کے درمیان جھگڑا ہوا تو اس دوران سسرالیوں نے شانزہ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ خاتون کے شور کی آوازیں سن کر محلے دار اکٹھے ہو گئے جنہوں نے اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچایا۔ آگ لگنے سے شانزہ کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس گیا۔ قلعہ دیدار سنگھ پولیس نے متاثرہ خاتون کے والد غفور احمد کی مدعیت میں شوہر، سسر، ساس اور نند کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
گوجرانوالہ: سسرالیوں کا بہو پر مبینہ تشدد، پٹرول چھڑک کر آگ لگادی، حالت نازک
Sep 03, 2019