منور ظریف کا بیٹا فیصل ڈیفنس قبرستان میں سپردخاک‘نماز جنازہ میں عرفان کھوسٹ اور اچھی خان سمیت سینکڑوں افراد کی شرکت

لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ منور ظریف مرحوم کے صاحبزادے فیصل کو ڈیفنس سیون کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شوبز انڈسٹری سے صرف سینئر اداکار عرفان کھوسٹ اور اداکار اچھی خان نے شرکت کی۔ فیصل منور کا گزشتہ دنوں مراکش میں حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال ہوگیا تھا۔ فیصل منور ظریف نے چار یا پانچ فلموں میں کام کیا جن میں پتر منور ظریف دا اور پتر جیرے بلیڈ دا شامل ہیں۔ اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا کہ منور ظریف ایک ہی تھا اور ایک ہی رہے گا۔ فیصل نے اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھانے کی کوشش کی مگر بدقسمتی سے کامیاب نہیں ہو سکے۔ اداکار اچھی خان نے کہا کہ منور ظریف پاکستان فلم انڈسٹری کے ماتھے کا جھومر تھے۔ ان کے خاندان سے فیصل منور ظریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن