لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں، 22 کروڑ پاکستانی ان کیساتھ ہیں، دنیا کی کوئی طاقت انہیں آزادی سے نہیں روک سکتی۔ لاہور میں تقریب سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں جنگ نہیں چھیڑنا چاہتا لیکن ہم پر جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے جنگ کی دھکمیاں دی جا رہی ہیں۔ بھارت کا ایک وزیر کہتا ہے پاکستان میں دہشت گرد بھیجیں گے۔ سردار مسعود نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو روکے۔ اگر عالمی برادری بھارت کو نہیں روکے گی تو پوری دنیا کے لوگ جنگ سے متاثر ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر فائرنگ کی جاتی ہے۔ کلسٹر بموں کے ذریعے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پوری دنیا میں بھارت بے نقاب ہو چکا اور اپنا منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔دریں اثناء صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود احمد نے اسلام آباد میں سنٹر فار پیس سکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام کشمیر بحران پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اب یہ طے کرنا ہو گا کہ وہ ظالم کے ساتھ ہے یا مظلوم کیساتھ۔ انہوں نے کہا بھارت تمام بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اقدار کو پامال کر کے کشمیر میں نسل کشی کی پالیسی پر گامزن ہے۔