بدعنوانوں سے لوٹی رقم برآمد کرنا اولین ترجیح ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتسابی بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا جس میں قومی ادارے کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرنا اولین ترجیح ہے۔ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق نیب نے اکتوبر 2017 ء سے اب تک 71 ارب روپے ریکور کرائے۔ نیب کراچی نے 10.861 ارب روپے کی لوٹی رقم برآمد کی جبکہ نیب لاہور نے بدعنوان عناصر سے 31.231 ارب روپے وصول کئے۔ نیب راولپنڈی نے 14.653 ارب روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی۔ نیب سکھر نے بدعنوان عناصر سے 10.656 ارب روپے برآمد کر کے جمع کرائے۔ نیب بلوچستان ایک ارب‘ نیب خیبر پی کے نے 50 کروڑ روپے برآمد کئے۔ نیب ملتان نے بھی 2.5 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کئے۔

ای پیپر دی نیشن