کشمیر کے مسئلے پر فنکار برادری ایک ہے ‘لیجنڈ اداکار توقیر ناصر

Sep 03, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹیلی ویژن کے لیجنڈ اداکار اور سابق چیئرمین الحمرا آرٹس کونسل لاہور توقیر ناصر نے نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری فنکار برادری ایک ہے اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے فیصلوں کی تائید کرتی ہے کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ وہ گذشتہ روز نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ میں طلبائ، میڈیا اور فیکلٹی ممبران سے پروگرام میٹ دی اسٹار میں خطاب کررہے تھے۔ توقیر ناصر نے کہا کہ آج کا ڈرامہ کمرشل ہے جبکہ ماضی میں ٹیلی ویژن ڈراموں کے باعث شادی بیاہ کی تقاریب میں شریک مہمان تاخیر کا شکار ہوجاتے تھے ڈراموں میں مقصدیت اور معاشرے کی اطلاح کے لئے پیغام ہوتا تھا۔ توقیر ناصر نے کہا کہ اداکاری میری پہچان ہے مگر سیکھنے کا عمل ابھی تک جاری ہے، ماضی میں بھی میرا فوکس نوجوان نسل تھی آج بھی ہے، میں تیسری نسل کے ساتھ کام کررہا ہوں ، ہم اپنے سینئر فنکاروں سے دوران ریہرسل بہت سیکھتے تھے آج کا ڈرامہ کسی ریہرسل کے بغیر ہی ریکارڈ کیا جارہا ہے ، اب پیسے اہم جبکہ ماضی میں کام میں پیشن ہوتا تھا، میرا آج کی نوجوان نسل بالخصوص طلبا کو مشورہ ہے کہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے ملک و قوم کی خدمت کرے جس طرح فنگر پرنٹ ایک جیسے نہیں ہوتے اسی طرح ہر انسان کی صلاحیتیں بھی ایک جیسی نہیں ہوتیں۔ آج جو سینئر فنکار ہیں انھوں نے محنت اور صلاحیت کے بل بوتے پر نام روشن کیا ہے، سوالات کے جواب میں توقیر ناصر نے کہا کہ فنی صلاحیت خداداد ہوتی ہے۔

مزیدخبریں