پاک بحریہ کےلئے بنائے جانے والے دوسرے 2300 ٹن وزنی جنگی جہاز (کارویٹ) کی رومانیہ میں لانچنگ تقریب ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے چیف آف سٹاف ( پرسنیل) وائس ایڈمرل اطہر مختار تھے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کارویٹ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ درمیانے سائز اور وزن کے جہاز ہیں جو سکیورٹی پٹرول سمیت مختلف آپریشنز کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کےمطابق وائس ایڈمرل اطہر مختار نے کہاکہ ان جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع اور جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔مہمان خصوصی نے جہازوں کی تیاری میں ڈامن شپ یارڈ (رومانیہ) کے تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔