سکھر (آن لائن + صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے پر صوبائی وزیر سہیل انورسیال کی رہائشگاہ پر دوبارہ چھاپے مار کر اہم دستاویز تحویل میں لے لیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) ٹیم نے صوبائی وزیر سہیل انورسیال کی لاڑکانہ میں رہائشگاہ پرچھاپہ مارا۔ ذرائع نیب کا کہنا تھا سہیل انور سیال کے گھر آمدن سے زائد اثاثہ جات کے معاملے پرچھاپہ مارا گیا، سہیل انور سیال کیخلاف کچھ عرصے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب سہیل انورسیال نے اپنے بیان میں کہا آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس پر ہائیکورٹ سے ضمانت ملی ہے، یہ بینامی جائیداد نہیں میرے والد کی ایف بی آر میں ڈکلیئرڈ جائیداد ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا میرے والد کا انتقال 2018 میں ہوا تھا، میرے والد زندہ نہیں ہیں، ان کی ڈکلیئرڈ پراپرٹی کوبینامی ظاہرکیا جا رہا ہے۔ میرے پاس فی الحال کوئی تفصیل نہیں اسوقت میرپور خاص میں ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ مجھے ابھی صرف اپنے گھر سے فون آیا ہے۔ نیب کی ٹیم کو کوئی دستاویز نہیں ملی ہیں۔ نیب سکھر کی ٹیم نے رات گئے ایک بار پھر صوبائی وزیر سہیل انور سیال کے گھر چھاپہ مارا پیپلز پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں سہیل انور سیال کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔