مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی، آئندہ سماعت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے طلب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کے خلاف کیسز کی مدت کے تعین کیس میں آئندہ سماعت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کو طلب کر لیا۔ گذشتہ روز شہری حافظ احتشام کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ عدالتی حکم کے باوجود ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم کیوں عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایاکہ ڈائریکٹر کا تبادلہ ہونے کے بعد نئے ڈائریکٹر کی ابھی تقرری نہیں ہوئی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ ایف آئی اے میں درج توہین رسالت کے مقدمے میں گرفتار ملزمان اڈیالہ جیل میں ہیں، جس پر عدالت نے کہاکہ عجیب بات ہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالتیں بھی دو دو سال تک مقدمات لٹکاتی ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اس قسم کے اور تمام فوجداری مقدمات کے فیصلے جلد ہونے چاہئے، عدالت نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت7ستمبر تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن