اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت کی طرف سے متوقع فیصلے کے پیش نظر ملک بھر میں جامعات ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں 15 ستمبر سے اپنے کیمپس کھولنے کے لئے پالیسیاں اور طریق کار وضع کررہی ہیں۔ وائس چانسلرز کمیٹی کے اکتیسویںآن لائن اجلاس میں ملک بھر کی جامعات کے 150سے زائد وائس چانسلرز اور ریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میںجامعات اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق مختلف امور بشمول دوہرے طرز کلاسز کے اہتمام، کورسز کی سست روی، کلاسز میں طلباء کی حاضری، ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کھولنے، کیمپسز میں طلباء و اساتذہ کی صحت کے حوالے سے نگرانی، اور طلباء کے تحفظ سے متعلق ایس او پیز پر غور و خوض کیا گیا۔ چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے جامعات کے سربراہا ن کو ہدایت کی کہ کیمپس کھولنے کے حوالے سے اپنی پالیسی کا بروقت اعلان کریں اور پالیسی ہر قسم کے ابہام سے پاک رکھی جائے اور اُسے طلباء اور فیکلٹی تک بہم پہنچایا جائے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ایک مشترکہ پالیسی تمام جامعات کے حالات کے پیش نظر ناکافی ہوگی۔