دریائے چناب میں اڑھائی لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ، ملتان، مظفر گڑھ کے علاقے زیر آب، فصلیں تباہ

ملتان‘ خانیوال‘ خانپور بگاشیر (خبر نگار خصوصی‘ نمائندوںسے) دریائے چناب میں درمیانے درجے کا اڑھائی لاکھ کیوسک پانی کا ریلا ملتان کی حدود سے گزرنے سے پانی کی سطح مزید بلند ہو گئی ہے جبکہ فلڈ ایریا کے رہائشی فلڈبندوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد نے مال مویشی سمیت فلڈ بندوں پر ڈیرے ڈال لیے ہیں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے سے مزید دیہات زیر آب آگئے ہیں  ملتان کی حدود سے گزر کر ہیڈ پنجند کی طرف جانے والے سیلابی ریلے نے فصلیں تباہ کر دیں ہیں خاص طور پر ان علاقوں میں چار ے کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس سے مویشی پالنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ متاثرین کے لئے کسی قسم کی امداد کا اعلان نہیں کیا گیا اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد سیلابی صورتحال دیکھنے کے لیے ہیڈ محمد والا پر امڈ ائی وہاں پر رش بڑھ گیا۔ درجنوں مواضعات کے ساتھ ساتھ درجنوں گھر بھی ڈوب گئے ۔ ضلعی انتظامیہ دریائے چناب میں طغیانی کے پیش نظر انتظامات کے لئے گزشتہ روز بھی متحرک رہی۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر فلڈ کے فوکل پر اے ڈی سی ریونیو طیب خان کا مختلف کیمپس کا دورہ کیا۔فلڈ کیمپس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے کہا کہ دریائے چناب میں ملتان کی حدود سے اس وقت2 لاکھ5 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے،آئند 24 گھنٹے تک ملتان کی حدود میں پانی کی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں شیر شاہ کے مقام پر کم درجے کا سیلاب ہے، شیر شاہ پر پانی کا اخراج ایک لاکھ 40ہزار کیوسک ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں جو کہ دریا کی گزر گاہ ہے، موجودہ سیلاب سے کسی آبادی کو نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی فرد متاثر ہوا ہے اور نہ ہی اب تک کوئی ہنگامی صورتحال ہے۔ یہ بات انہوں نے جے او سی ملتان کے ہمراہ سنکی فلڈ بند اور روہاڑی فلڈ بند کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔دریائے چناب میں ملتان کی حدود پانی کی سطح مسلسل بلند جبکہ ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے تریموں کے مقام پر پانی کی آمد کم ہو کر ایک لاکھ 51 ہزار 873 کیوسک ہو گئی ہے جبکہ اخراج ایک لاکھ 43 ہزار 873 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 54468 کیوسک اخراج 46434 کیوسک خانکی ہیڈورکس پر پانی کی آمد 64023 کیوسک اخراج 58138 کیوسک قادر آباد پر آمد 64738 کیوسک اخراج 42738 کیوسک جبکہ دریائے جہلم کے رسول ہیڈورکس پر پانی کی آمد 60458 کیوسک اخراج 60458 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔خانیوالمیں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے دریائے راوی میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اچانک کنڈ سرگانہ کا دورہ کیا- انہوں نے  نے زمیندارہ بند پر پڑنے والے شگاف ، اور امدادی آپریشن کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں -

ای پیپر دی نیشن