نئے چیئرمین انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کردی

Sep 03, 2020

لندن(آئی این پی)  انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین ای ین واٹمور نے کہا ہے کہ اگرپاکستان محفوظ ملک ہے تو ہماری ٹیم کو ضرور جانا چاہیے وہاں پر کرکٹ کی واپسی خود ہمارے اور کھیل کیلئے بہترہوگی۔ای ین واٹمور نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں واضح طور پر انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کی ہے، انگلینڈ نے 2009میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، اس دوران اپنی دونوں اوے سیریز نیوٹرل وینیو متحدہ عرب امارات پر کھیلی ہیں، اب اگلا ٹور 2022 میں شیڈول ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا اور امید ظاہر کی ہے کہ انگلش ٹیم بھی پاکستان کا ٹور کرے گی۔پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی بھی واضح کرچکے کہ پاکستان 2022 میں انگلینڈ سے سیریز نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلے گا، حالیہ کچھ عرصے میں انگلش کرکٹرز پاکستان میں پی ایس ایل بھی کھیل چکے ہیں۔

مزیدخبریں