جنرل باجوہ کا دورہ کراچی 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ کراچی کے موقع پر کہا ہے کہ فوج عوام کو مایوس نہیں کریگی‘ انہوں نے بارش کی تباہ کاریوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ 
امسال مون سون میں ملک بھر میں بارشوں سے جو تباہ کاریاں ہوئیں بالخصوص پورا کراچی جس طرح دریائوں کا منظر پیش کررہا ہے‘ اس سے کراچی سمیت سندھ کے عوام کیلئے حکومتی اور انتظامیہ کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان بن کر رہی گئی ہے۔ پنجاب میں بھی بارشوں کے باعث چھتیں گرنے‘ ڈوبنے سے 19 جاں بحق ہوگئے جبکہ سوات میں 3 پل بہہ گئے۔ جہلم‘ چناب میں طغیانی‘ 163 دیہات زیرآب آنے سے فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ہر سال مون سون میں ہنگامی حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن افسوس انتظامیہ اور حکومت کی جانب سے پیشگی کوئی بندوبست نہیں کیا جاتا۔ رہی سہی کسر بھارت اپنی آبی دہشت گردی کرتے ہوئے فالتو پانی ہمارے دریائوں میں چھوڑ کر ہمیں سیلاب میں ڈبو دیتا ہے۔اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاک فوج ہر مشکل گھڑی میں حکومت کی مدد کیلئے ہراول دستے کا کام کرتی ہے‘ قدرتی آفات ہوں یا سرحدوں کی حفاظت‘ پاک فوج ہر میدان میں قومی کی امیدوں پر پوری اترتی ہے۔اس وقت بھی کراچی میں پاک فوج کے جوان انتظامیہ کے شانہ بشانہ امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ اگر حکومتیں اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں نیک نیتی سے پور کریں تو پاک فوج کو اسکے پیشہ ورانہ فرائض ہٹا کر اسے امدادی کاموں کی طرف لانے کی نوبت ہی نہ آئے اور پیشگی اقدامات سے قوم کو بڑے نقصانات سے بچایا جاسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن