وزیر اعلی عثمان بزدارسے گورنر پنجاب محمد سرورکی ملاقات، صوبے کی عمومی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبو ں پر تبادلہ خیال

  وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی جس میں صوبے کی عمومی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبو ں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- گورنر چودھری محمد سرورنے پنجاب حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباددی اور وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا-مالی دشواریوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر گورنر چودھری محمد سرور نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کراچی کا دورہ کرکے شہریوں سے اظہار یکجہتی پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرورکی کاوشوں کی تعریف کی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے اورہم مشکل کی گھڑی میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں - انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ٹھوس اور پائیدار اقدامات کئے ہیں - عوام کی دشواریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکس ختم کئے یا ان کی شرح کم کی -پنجاب میں ترقی کے سفر کو تیز تر کرنے کیلئے لوکل گورنمنٹ فنڈز کو بحال کر دیا ہے- ہمارا نصب العین مالی امور میں شفافیت اور انتظامی امور میں میرٹ ہے -سچائی، شفافیت، دیانت اور میرٹ پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے - عوامی خدمت کے ایسے کام کر کے جائیں گے جن کی کوئی مثال نہیں ہو گی-شو بازی کا دور قصہ پارینہ بن چکا، ہم عوامی خدمت کے لئے عملی اقدامات کر تے ہیں -اپوزیشن نے کورونا کے بعد کراچی ایشو پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوشش کی - اپوزیشن جماعتوں کو کراچی جیسے اہم ایشو پر منفی سیاست کرنا زیب نہیں دیتا -وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنے لئے پرعزم ہیں - گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کراچی کا دورہ کیا اورہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں - انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کراچی کی بارشوں پر زبانی جمع خرچ کیا گیا-اپوزیشن کو منفی سیاست کی بجائے کراچی کے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیے تھا- وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے زخموں پر مرہم رکھے گی- انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی یونیورسل کوریج پی ٹی آئی حکومت کا تاریخی فیصلہ ہے - پی ٹی آئی حکومت کی ابتدائی دو سال کی کارکردگی حوصلہ افزاء ہے اورپی ٹی آئی پنجاب میں ترقی اور شفافیت کو فروغ دے رہی ہے -

ای پیپر دی نیشن