افغانستان میں سیاسی تصفیہ کے حامی ، شاہ محمود: آسٹرین ہم منصب سے تجارت بڑھانے پر اتفاق

Sep 03, 2021

اسلام آباد (نا مہ نگار) آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر شیلنبرگ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دو طرفہ تعلقات، افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے  افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔ ہم تمام افغان گروہوں کو جامع سیاسی تصفیے کیلئے سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ افغان شہریوں کی سکیورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔  آسٹریا کی وزیر خارجہ نے کابل سے آسٹرین شہریوں کے انخلا میں  پاکستان کی جانب فراہم کردہ معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا انسانی المیے اور معاشی بحران سے بچائو کیلئے   عالمی برادری کو افغانوں کی معاونت کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اعلی تعلیم، سیاحت اور کلچر کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آسٹریا کی وزیر خارجہ کو دورہ  پاکستان، جبکہ آسٹرین وزیر خارجہ نے  شاہ محمود قریشی کو دورہ آسٹریا کی دعوت دی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری ایک اجتماعی ذمہ داری کے طورپر اپنے رابطے جاری رکھتے ہوئے امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر افغانستان کی مدد کرے۔ افغانستان میں امن واستحکام میں پاکستان سے زیادہ کسی اور ملک کا مفاد نہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا چھٹے تھنک ٹینک فورم سے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے میں سید علی گیلانی کے انتقال پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرنا چاہتا ہوں، سید علی گیلانی کے انتقال پر پوری قوم غمزدہ ہے، مجھے دکھ ہے کہ جس طرح ہندوستانی فورسز نے کل رات ان کے گھر کا گھیرائو کیا وہ انتہائی افسوس ناک ہے، بھارت ان کے نمازجنازہ سے بھی خوفزدہ  ہو گیا، میں کل سے شدید اضطراب میں ہوں۔ ہر کشمیری اور ہر پاکستانی کے یہی جذبات ہیں۔ وہ آج ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن ان کی خوشبو ان کے راہنما اصولوں کے باعث ہمیشہ تروتازہ رہے گی اور دنیا بھر کے کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہو گی۔سلوانیہ کے وزیر خارجہ نے کہا اینزے لوگار(Anze Logar ) نے وزیر شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ حالات بگاڑ کا شکار ہوئے تو سب متاثر ہوں گے۔ طالبان قیادت کی جانب سے عام معافی، انتقامی کارروائی نہ کرنے، حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ کرنے کے بیانات حوصلہ افزا ہیں۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی عالمی کاوشوں میں شراکت داری کیلئے پر عزم ہے۔

مزیدخبریں