فوجی محاصرے میں تدفین انسانی حقوق کی خلاف ورزی، بلاول کا اظہار مذمت  

Sep 03, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار)  سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کے روح رواں تھے۔ انہوں نے علی گیلانی کے انتقال پر دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کی جانب سے سید علی گیلانی کی تدفین کے وقت بھارتی فوجی محاصرے کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے آج ایک بار پھر انسانیت کو شرمندہ کیا۔ پھر بھارت بے نقاب ہوا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کو کس جبر کا سامنا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔ بھارت نے سید علی گیلانی کو قید میں رکھا، تدفین بھی فوجی محاصرے میں کرائی، لیکن ان کے نظریات کو قید نہیں کر سکتا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سید علی گیلانی نے ہمیشہ بھارتی مظالم کے خلاف  آواز بلند کی۔ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کیلئے خدمات کو کبھی فراموش  نہیں کیا جا سکتا۔ رحمان ملک نے کہا کہ سید علی گیلانی کو ان کی بہادری اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کیلئے جہد مسلسل پر خراج تحسین  و سلام پیش کرتا ہوں۔ کبھی ظالم کے سامنے سرنگوں نہ ہوئے اور ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ 

مزیدخبریں