کراچی، لاہور، اسلام آباد (قمر خان+ خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے والد سردار عطاء اللہ مینگل 93 برس کی عمر میں کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی تدفین آبائی علاقے وڈھ ضلع خضدار میں کی جائے گی۔ سردار عطاء اللہ مینگل کی طبیعت گزشتہ دنوں خراب ہوئی تھی۔ ایک ہفتے میں ہسپتال میں تھے۔ دل کا عارضہ تھا۔ گزشتہ روز حالت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ کئی دہائیوں کے دوران بلوچستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ سردار عطاء اللہ مینگل 1929ء کو پیدا ہوئے۔ انہیں محض 25 سال کی عمر میںمینگل قبیلے کا سردار مقرر کیا گیا۔ سردار عطاء اللہ مینگل نے 1970ء میں بلوچستان اسمبلی کے پہلے الیکشن میں نیشنل عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا اور کامیاب ہوئے۔ سردار عطااللہ مینگل نے یکم مئی کو بلوچستان کے پہلے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، جبکہ ان کی حکومت 1973ء میں ختم کر دی گئی تھی۔ عطاء اللہ مینگل کی میت آج ان کے آبائی شہر وڈھ منتقل کی جائے گی۔ پارٹی اعلامیہ کے مطابق عطاء اللہ مینگل کی نماز جنازہ آج 3 بجے وڈھ میں ادا کی جائے گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، آصف زرداری، چودھری شجاعت، چودھری پرویز الہٰی، بلاول، فرخ حبیب، صادق سنجرانی، نفیسہ شاہ، نیئر بخاری، شازیہ مری و دیگر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا انکی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ سیاست میں عطاء مینگل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عطاء اللہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مرحوم عطاء اللہ مینگل سے ہمارے خاندان کا دیرینہ تعلق تھا۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عطاء اللہ مینگل کے درجات بلند فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔