کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) نائیجیرین سفیر نے سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پیشہ ورانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ائر چیف نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان دیرینہ مذہبی ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے۔ ائر چیف نے دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم کیا۔ ادھر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سینئر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کاز کے لیے ان کی زندگی بھر کی جدوجہد نے کشمیریوں کی تین نسلوں کو بھارتی افواج کے ناجائز قبضے اور مظالم کے خلاف جہد مسلسل کی تحریک دی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی بے لوث قربانیوں اور پاکستان سے محبت پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔