سیشن کورٹ گیٹ سے گیس گرنیڈ ملنے پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں

Sep 03, 2021

لاہور(نامہ نگار+اپنے نامہ نگار سے )سیشن کورٹ ، ججز گیٹ کے قریب سے ملنے والے گیس گن گرنیڈ نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں، ایس پی سکیورٹی اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر گیس گن گرنیڈ کو ناکارہ قرار دیدیا، ابتدائی انکوائری کے مطابق گیس گن گرنیڈ پولیس اہلکار خاور کو جاری کیا گیا،جوخاور سے سیشن کورٹ پارکنگ پر موٹر سائیکل لگاتے ہوئے گر گیاتھا ۔تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ کے باہر موٹرسائیکل کے ساتھ گیس گن گرنیڈ دیکھ کر سیشن کورٹ سیکورٹی اہلکاروں نے بم اسکواڈ عملے کوہینڈ گرنیڈ ملنے کی اطلاع دی۔  اس دوران پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر ہینڈ گرینڈ کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چوہدری سمیت دیگر افسر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔اس موقع پر پولیس کی جانب سے سنیپ چیکنگ کے علاوہ سیشن کورٹ کے اطراف میں سراغ رساں کتوں سے جائزہ لیا گیااور بم اسکواڈ کے اہلکاروں نے میٹل ڈیٹیکٹرز کی مدد سے علاقے کی چھان بین کی۔ ہینڈ گرنیڈ کی ساخت کامعائنہ کیا ابتدائی رپورٹ کے مطابق گرنیڈ میں بارودی مواد نہیں پایا گیا۔ملنے والابم گیس گن گرنیڈ ہے ۔جو ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ۔دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چوہدری نے کانسٹیبل خاور کے خلاف محکمانہ انکوائری کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں