ملتان (پی پی آئی)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری 13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیموں نے اپنے، اپنے حریفوں کو شکست دے کر میچز جیت لئے، میچ شروع ہونے سے قبل قومی فٹ بال کے سابق کوچ نجیب اللہ نجمی، فیفا ریفری اکبر راجپوٹ اور سابق انٹرنیشنل کھلاڑی مولابخش گوٹائی کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی کی گئی اور ان مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کی فٹ بال کے لئے گران خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، گذشتہ شپ قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے لیگ کے پہلے میچ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے لائل پور کلب، فیصل آباد کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے ہرا دیا، وقفے تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، دوسرے ہاف میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے گول کرکے مقابلہ 1-0 گول سے جیت لیا،کھیل کے 57 ویں منٹ میں زین العابدین نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتر ی دلائی جو کہ مقررہ وقت تک جاری رہی، لائل پور کلب کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے ، دوسرے میچ میں پاکستان ایئرفورس نے ہما کلب ، اسلام آباد کو 2-1 گول سے شکست دی، وقفے تک پاکستان ایئرفورس کو ہماکلب کے خلاف 1-0 گول سے برتر ی حاصل تھی ، پہلے ہاف کے 34 ویں منٹ میں پاکستان ایئرفورس کے فیصل یامین نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو کھیل کے 47 ویں منٹ میں ہما کلب کے محمد ابراہیم نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، پاکستان ایئرفورس کی جانب سے 80 ویں منٹ میں مہدی حسن نے فیصلہ کن گول کرکے مقابلہ 2-1 گول کر دیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا، میچ کمشنر کے فرائض شفاعت حبیب نے انجام دیئے،(آج) جمعہ کو مزید دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں کے آر ایل کا مقابلہ پاکستان نیوی سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ پاکستان آرمی اور مسلم کلب چمن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان پریمیئر فٹبال