کراچی (نیوز رپورٹر) رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا ہے کہ لکھنو سوسائٹی کے عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم نے سوسائٹی میں وزیراعظم کے خصوصی فنڈ سے روڈ بنوائے کیونکہ ہماری نیت صاف تھی، دشمن عناصر جتنے مرضی الزام لگالیں ہم کسی الزام سے نہیں ڈرتے، ہم کام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ اپنے لوگوں کو کسی قسم کی سہولیات سے محروم نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لکھنو سوسائٹی ریذیڈنٹ کمیٹی کے عشائیے سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں رہنے والے تمام ممبران سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ آگے بڑھیں، ایک پیج پر آئیں، کسی کی بلیک میلنگ اور دھمکیوں میں نہ آئیں۔ سوسائٹی کی ترقی اور بہتری کیلئے کام کریں تاکہ لکھنو سوسائٹی دیگر سوسائٹیوں کی طرح مثالی اور خوبصورت ترین ماڈل سوسائٹی کا حصہ بن جائے جہاں کوئی کام کروانا ہو۔ کوئی فنڈ لگوانا ہو پی ٹی آئی اور ہم آپ کی خدمت کیلئے حاضر ہیں۔ پانی کی لائن، پارک کی تزئین و آرائش، سیوریج لائن کی بہتری کیلئے سوسائٹی ممبران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ سوسائٹی کو کالونی نہیں بننے دیں گے۔ علاوہ ازیں ایم این اے فہیم خان نے لکھنو سوسائٹی کی ریذیڈنٹس کمیٹی کی دعوت پر دورہ کیا اور کمیٹی کی کارنر میٹنگ میں کمیٹی ارکان سے خطاب میں درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، قبل ازیں ایم این اے فہیم خان نے وزیراعظم کے مخصوص فنڈ سے سوسائٹی میں کارپیٹنگ کا کام مکمل کرایا تھا، سابقہ اور موجودہ کمیٹی کی انتظامیہ کی نااہلی سے پیدا ہونے والے مسائل اور مشکلات کے تدارک کا عزم دہراتے ہوئے فہیم خان نے کہا کہ ہر فورم پر لکھنو سوسائٹی کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس موقع پر ریذیڈنٹ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اسرار احمد، چیئرمین جنید، سربراہ اصلاحی کمیٹی فیصل ایوب، حاجی غلام حسن، محمد ارشد، عابد بابا ، محمد آفاق، سعید خان، وسیم خان و دیگر ممبران بھی موجود تھے۔
لکھنو سوسائٹی کے عوام کو ٹائیگرتنہا نہیں چھوڑیں گے ‘فہیم خان
Sep 03, 2021