وزیر اعظم آفس نے ٹوکیو پیرالمپکس کے مقابلے میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے حیدر علی کومبارکباد دی اور فخر پاکستان قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر اکائونٹ پر حیدر علی کے لیے ایک پیغام شیئر کیا گیا ۔پیغام میں کہا گیا کہ پیرالمپکس میں پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے پر آپ کو بہت مبارک ہو۔ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مردوں کے ڈسکس تھرو مقابلے میں حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55 اعشاریہ 26 میٹر کی کامیاب تھرو کی، جس کے لیے وہ گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں تاریخ رقم کردی اور پاکستان کیلئے پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔