وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عوام دوست ویژن نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں،گورونانک یونیورسٹی کا منصوبہ بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہے اسکے تمام تر تعمیراتی کام کوجلد از جلد مکمل کیا جائے،تمام تر وسائل کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں نہایت شفاف انداز میں استعمال کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب مصوراحمد خان نیازی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی،ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمدعاطف،سابقہ ایم این اے چوہدری بلال ورک،پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر طارق سعیدگھمن،سابقہ ایم پی اے رائے اسلم کھرل،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیومحمد محسن صلاح الدین،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا امجد علی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ماجد علی منہاس،اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب صولت وٹو،سی ای او ایجوکیشن احسن فریدسمیت تمام محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے کورونا،ڈینگی،یکساں نصاب سمیت ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے وفاقی وزیرانسداد منشیات کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب کو انشااللہ ماڈل ضلع بنائیں گے،لاہور کی طرز پر ننکانہ کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت شہر بھر میں سیف سٹی کیمرے لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام نجی و سرکاری سکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک یکساں نصاب پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،تمام بڑے بڑے منشیات فروشوں کی لسٹیں تیار کی جارہی ہیں۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد عاطف نے کہا کہ نئی شروع ہونے والے ترقیاتی کاموں کا پیپر ورک بلا تاخیر مکمل کیا جائے،نئی ترقیاتی سکیموں میں سکولوں کی چاردیواری، کلاس رومز سمیت سپورٹس گراؤنڈز بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب مصوراحمد خان نیازی نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں کے لیے بہترین میٹریل استعمال کیا جائے، معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداران کی معیاری کام نہ کرنے پر ادائیگیاں روک دی جائیں گی۔