وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کریں۔ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے کہاکہ اتوار بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے اور صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو کسی بھی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیزہے،منافع خور مافیا کو من مانی نہیں کرنے دیں گے اور عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائیں گے۔ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔