سبی(آئی ا ین پی ) سبی اور بولان میں قومی شاہراہ پر پھنسے مسافروں کے لیے شٹل ٹرین کا آغاز کر دیا گیا۔ جنرل منیجر محکمہ ریلوے نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث سبی کوئٹہ قومی شاہراہ بولان میں مختلف مقامات پر بہہ گئی تھی اور سبی کوئٹہ قومی شاہراہ بولان پر ایک ہفتے سے ٹریفک کی روانی متاثر تھی۔ شٹل ٹرین سروس مسافروں کو سبی سے مچھ اور مچھ سے سبی تک لے کر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے شٹل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور شٹل ٹرین سے مسافروں کو اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں آسانی ہو گی۔ قومی شاہراہ پر پھنسی مال بردار گاڑیوں کا سامان، سبزیاں اور فروٹ لے جانے کے لیے الگ بوگی لگائی گئی ہے۔ جی ایم ریلوے نے کہا کہ شٹل ٹرین سبی میں موجود مسافروں کو مچھ اور بولان میں پھنسے مسافروں کو سبی منتقل کرے گی اور سبی کوئٹہ قومی شاہراہ کی بحالی تک روزانہ کی بنیاد پر شٹل چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہراک کے قریب مچھ ریلوے پل بہہ جانے سے ٹرین کوئٹہ تک نہیں جا سکتی تاہم مچھ ریلوے پل کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
شٹل ٹرین
سبی ‘بولان میں قومی شاہراہ پر پھنسے مسافروں کیلئے شٹل ٹرین کا آغاز
Sep 03, 2022