بارشیں، سیلاب ،دھاگے کا بحران پیدا ہونیوالا ہے:رانا اخلاقمنج 


 فیصل آباد (آئی  این  پی )چیئر مین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن رانا خرم اخلاق منج نے کہا ہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کپاس کی فصل تباہ ہوگئی۔ دھاگے کا بحران پیدا ہونے والا ہے۔ کپاس کی قیمت 24ہزار روپے من تک پہنچ گئی ہے۔ کپاس کے نرخ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔کاٹن انڈسٹری سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ مون سون کی شدید اور مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کپاس کی فصل کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ معیاری کپاس کی قیمت 24ہزار روپے من تک پہنچ گئی ہے، اچھے معیار کی پھٹی 11 تا 13 ہزار فی 40 کلو ہوگئی ہے جب کہ کے سی اے کی اسپاٹ ریٹ قیمت 23ہزار روپے من ہے۔ملک میں کپاس کے نرخ تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ جانے کے سبب متعدد ملیں بند ہوگئی ہیں یا پھر ان میں پیداواری عمل جزوی طور پر جاری ہے۔رانا خرم اخلاق منج نے کہا کہ کپاس کی کمی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ آنے والے دنوں میں دھاگے کا بحران پیدا ہونے والا ہے۔اگر ایسی صورتحال بنی تو سب سے زیادہ نقصان پاور لومز سیکٹر کو ہو گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قبل از وقت اقدامات اٹھائے۔

ای پیپر دی نیشن