اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف برانڈز کی 900 گرام چائے کی قیمت 400 روپے تک مہنگی ہو گئی۔ 900 گرام چائے کی قیمت 905 روپے سے بڑھ کر 1305 روپے ہوگئی۔ ٹی وائٹنر کی قیمتوں میں 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر دلیے، سیریل، نوڈلز، سوئیوں اور نمکو کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ بچوں کے دودھ کے 800 گرام پیکٹ کی قیمت 260 روپے بڑھ گئی۔ مختلف مصالحہ جات کی 50 گرام میں 50 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔ سرخ مرچ 100 گرام کی قیمت 84 روپے کا جبکہ 100 گرم مصالحے کی قیمت میں 42 روپے تک اضافہ ہوا۔ کسٹرڈ، کالی مرچ، میتھی، جام، مشروبات سمیت کئی اشیاء کے دام بھی بڑھ گئے ہیں۔ شہد کی 100 گرام کی بوتل 100 روپے مہنگی ہوگئی ہے جبکہ ایک کلو اچار کا پیک 57 روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔ کھیر کا 55 گرام کا پیک 20 روپے، 200 گرام چھوہارے 40 روپے اور جھاڑو کی قیمت 9 روپے بڑھ گئی ہے۔ ترجمان یوٹیلٹی سٹورز کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء کی کوالٹی سب سے اعلی اور قیمتیں سب سے کم ہیں۔ ملک بھر کے تمام سٹورز پر ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بہتری کیلئے کچھ برانڈزکی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جو ان برانڈز کی طرف سے ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تمام یوٹیلٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ گھی 300روپے فی کلوگرام، چینی 70 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 800روپے پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ دالوں اور چاول پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب سینکڑوں دیگر برانڈڈ اشیاء بھی عام مارکیٹ سے کم قیمت پرفراہم کی جا رہی ہیں۔