لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ ٹی 20 چھٹے گروپ میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سپرفور مرحلے میں کل مقابلہ بھارت سے ہوگا۔ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان ٹیم نے مقررہ اوورز میں دو وکٹوں پر 193رنز بنائے ۔ گرین شرٹس کی اننگز کی خاص بات محمد رضوان، فخر زمان اور خوشدل شاہ کی شاندار بیٹنگ رہی۔پاکستان کی پہلی وکٹ 13 کے مجموعے پر گری، کپتان بابر اعظم صرف 9 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں احسان خان نے میدان بدر کیا۔ اوپنر محمد رضوان نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 116 رنز کی شراکت قائم کی ۔129 کے مجموعے پر فخر زمان 53 رنز بناکر چلتے بنے۔خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 35 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی‘ 5 چھکے لگائے۔محمد رضوان نے 57 گیندوں پر 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔ ہانگ کانگ کی ٹیم صرف 38رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا ۔ شاداب خان نے چار‘محمد نواز نے تین ‘نسیم شاہ نے دو جبکہ شاہنوا دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔