اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں یقین دہانی کروائی ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں برطانیہ پاکستان کے ساتھ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہائی کمشنر نے آرمی چیف کو برطانیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات میں خطہ میں امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا گیا۔دریں اثناء کمانڈر امریکی سنٹرل کمانڈ جنرل مائیکل ایرک نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رابطہ کیا ہے امریکی سنٹرل کمانڈ اعلامیہ کے مطابق جنرل مائیکل ایرک نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم بھیج رہے ہیں امریکی ٹیم سیلاب کی تباہ کاریوں اور دیگر امور کا جائزہ لے گی، جائزہ رپورٹ کی روشنی میں یو ایس ایڈ کی امداد کے امور طے کئے جائیں گے ۔
آرمی چیف سے بر طانوی ہائی کمشز کی ملاقات ، سیلاب نقصان پر افسوس ، تعاون کی یقین دہانی
Sep 03, 2022