بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں حریت رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر سیاسی رہنماﺅں اور عوام نے قائد حریت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی ایک مشن کا نام ہے۔ دوسری جانب، غاصب بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بارہ مولہ میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ ادھر، علی گیلانی کی پہلی برسی پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے حریت رہنما کی مرضی کے مطابق تدفین کا حق قبول کرنے سے انکار پر سخت احتجاج کیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ¿ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے سید علی گیلانی کے حوالے سے سماجی رابطے کے ذریعے ٹوئٹر پر لکھا کہ ان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے بھارتی مظالم کا بہادری سے مقابلہ اور تحریک آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھایا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر حریت رہنما سے متعلق کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر کشمیر کی جدوجہد آزادی کے نڈر اور پرعزم وکیل کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ بین الاقوامی برادری اور عالمی ادارے اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ مسئلہ¿ کشمیر کے اقوامِ متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن اور مستقل حل کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا لیکن اس کے باوجود ان کی طرف سے ایسے ٹھوس اقدامات نہیں کیے جارہے جن سے یہ مسئلہ جلد حل ہوسکے۔ اس صورتحال میں خطے کا امن مسلسل تناو¿ کا شکار رہے گا کیونکہ پاکستان کسی بھی طرح جموں و کشمیر سے متعلق اپنے واضح اور دو ٹوک موقف سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔