اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران جمعہ کو ضلع غذر میں سیلاب سے متاثر ہونے والی خصوصی صلاحیتوں کی حامل ایک ایسی بچی سے ملاقات کی جس نے حالیہ سیلاب کے دوران اپنی ماں، 6 بہن بھائی اور دادی کو کھو دیا۔ وزیراعظم نے بچی کے سر پردست شفقت رکھا اور بچی کے والد کو گلے لگا کر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے بچی سے گفتگو میں کہا کہ آپ کے دکھ کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، دکھ اور الم کی اس گھڑی میں پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے غذر میں سیلاب متاثرین سے اپنی گفتگو میں بار بار اس بچی کے دکھ اور کرب کا ذکر کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بچی کی تعلیم اور علاج کے لئے 50 لاکھ روپے کی رقم کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ بچی کے نام پر اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بچی کے علاج کے لئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم سے ماں، بہن، بھائیوں اور دادی کو کھونے والی بچی کی ملاقات
Sep 03, 2022