تحریک انصاف عام انتخابات کا فوری انعقاد چاہتی ہے: راجہ بشارت

Sep 03, 2022


لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پارلیمانی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ سے یورپی یونین کے وفد نے پاکستان میں فرسٹ پولیٹیکل سیکرٹری مس ڈیلریڈ ٹیلین کی زیر قیادت پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ دلچسپی کے امور اور پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مس ڈیلریڈ ٹیلین نے پاکستان میں بدترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات قابل تعریف ہیں۔ ملاقات میں انتخابی اصلاحات اور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر بھی بات کی گئی۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ چیئرمین عمران خان سیاسی اصلاحات کے سب سے زیادہ حامی ہیں۔ انتخابی اصلاحات وفاق کا موضوع ہے۔ پاکستان تحریک انصاف فوری طور پر عام انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم سے شفاف انتخابات کا انعقاد میں بھرپور مدد مل سکتی ہے تاہم بدقسمتی سے اس معاملے پر پیشرفت دیکھنے میں نہیں آرہی۔ مس ڈیلریڈ ٹیلین نے تحریک انصاف کی طرف سے انتخابات شفاف بنانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کے استعمال کے ساتھ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے دیگر ذرائع بھی بروئے کار لائے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں