کوئٹہ ( این این آئی) بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں مزید ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کے بعد اموات کی تعداد 257 تک پہنچ گئی۔صوبے بھر میں مجموعی طور پر 61 ہزار 718 مکانات کو نقصان پہنچا ،1500 کلومیٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں ایک شخص ہلاک ہوا، بلوچستان میں یکم جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 257 ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 122 مرد 62 خواتین اور 73 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ 27 ہلاکتیں کوئٹہ، 21 لسبیلہ اور 19 ژوب میں ہوئیں جبکہ صوبے بھر میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 166 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی ریلوں اور بارشوں سے مجموعی طور پر بلوچستان میں 61 ہزار 718 مکانات نقصان کا شکار ہوئے تو وہیں 2 لاکھ 15 ہزار 936 سے زائد مال مویشی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ۔اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ ایکڑ زمین پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ۔
بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریاں بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد 257 ہو گئی
Sep 03, 2022