ملتان(سماجی رپورٹر) درگاہ حضرت بہاء الدین زکریا کے سجادہ نشین سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یہ سال آزمائش کا سال ہے۔ پوری قوم دیکھ رہی ہے پورا سندھ اس وقت ڈوبا ہوا ہے۔خیبر پختونخوا آفت زدہ قرار دیے دیا گیا‘ بلوچستان اورجنوبی پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔لوگوں کے گھر سیلاب میں بہہ گئے ہیں، فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔راستے بند ہیں،میں زائرین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں وہ ہزاروں میل پیدل چل کر عرس میں شرکت کے لیے آئے۔ ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سلسلہ سہرودیہ کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہاء الدین زکریا سہروردی ملتانی ؒ کا 783 واں سہ روزہ سالانہ عرس کے موقع پرقومی زکریا کانفرنس کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق رکن صوبائی اسمبلی مخدوم مرید حسین قریشی‘ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ خواجہ معین الدین کوریجہ‘ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک‘سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی‘ علامہ سید محمد رمضان شاہ فیضی‘ علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘ مولانا محمد عثمان پسروری‘ ڈاکٹر صدیق خان قادری‘دربار حضرت سخی نواب کے سجادہ نشین مخدوم ذوہیب گیلانی‘ مخدومزادہ سجادحسین قریشی‘ بریگیڈیئر (ر) مقصود احمد قریشی‘ میاں سیف احمد قریشی‘ رضا قریشی‘ حاجی جاوید اختر انصاری‘ پیرزاد طلحہ حسین رضوی‘ میاں غلام جیلانی آفتاب‘ چودھری خالد جاوید وڑائچ‘ ملک وقار عابد تھہیم‘ ملک ظہور محمود مہے‘ ڈاکٹر آصف قریشی‘ رانا عبدالجبار‘ سندھ کے روحانی پیشوا شیخ اعجاز علی قادری سہروردی‘ ثاقب محمود مہے بھی اس موقع پرموجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہایہ قومی آفت ہے سیلاب قومی غفلت کا نتیجہ ہے، ناقص حکمت عملی کے باعث ہمیں سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔اگر ہم نے ماضی میں سیلاب سے نمٹنے کی مناسب حکمت عملی بنائی ہوتی تو اب بین الاقوامی برادری کے پاس کشکول لے کر نہیں پھر رہے ہوتے میں بلاول زرداری سے درخواست کروں گا جب 2010 میں سیلاب آیا تھا ہم نے اقوام متحدہ میں ڈونرز کا اجلاس بلایا تھا۔ بلاول بھی عالمی سطح پر ڈونرز کا اجلاس بلائیں قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے مخدوم مرید حسین قریشی‘ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ خواجہ معین الدین کوریجہ‘ ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو‘ پیر رضا قریشی‘ سیف قریشی کے ہمراہ مزار کو غسل دیکر 783ویں سالانہ عرس مبارک کی 3روزہ تقریبات کا آغاز کیا۔ انہوں نے مزا ر پر پھولو ں کی چادر چڑھائی۔ ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔