لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دورہ ملائشیا کے پہلے روز سیاس جوہوباہرو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا۔ تقریب کا اہتمام ملائشیا کی اسلامی پارٹی کے صوبائی مرکز میں کیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ سراج الحق ملائشیا کی اسلامی پارٹی کے سالانہ کنونشن میں بھی شرکت کریںگے۔ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی تحریکیں پوری دنیا میں ایک برادری ہیں جو امت مسلمہ میں بھائی چارے اور اخوات کو فروغ دیتی ہیں۔ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ تمام پارٹیاں مرکز اور صوبوں میں برسراقتدار ہیں‘ لیکن دو دو اور تین تین بار اقتدار میں آنے کے باوجود وہ قوم کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے حکومتی نظام کی نااہلی ثابت کر دی۔ جماعت اسلامی کے پاس خدمت کا ایک پروگرام ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس عوامی مسائل کے حل کا ایک پروگرام ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس لاکھوں بے لوگ کارکنان کی ایک فعال ٹیم موجود ہے۔ آئی ایم ایف کی قسط ملنے پر پاکستان میں جشن منایا جاتا ہے حالانکہ یہ ایک اسلامی مملکت ہونے کے باوجود تمام حکومتوں نے سودی نظام کے خاتمے سے انکار کیا جو واضح طورپر اللہ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔
سراج الحق
اسلامی تحریکیں برادری کی حیثیت رکھتیں‘ سیلاب سے حکومتی نظام کی نااہلی ثابت: سراج الحق
Sep 03, 2022