راولپنڈی( جنرل رپو رٹر ) الخدمت فاﺅنڈیشن زون پی پی11 کے صدر ہارون الرشید نے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی اور الخدمت کے ضلعی صدر چوہدری منیر احمد کو ایک کروڑ روپے کا چیک برائے سیلاب زدگان پیش کر دیا۔ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں بتایا گیا کہ قبل ازیں ڈیڑھ کروڑ کا سامان راشن اور کپڑوں کی صورت میں بذریعہ کئی ٹرک روانہ کر دیا گیا تھا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، صدر الخدمت فاﺅنڈیشن چوہدری منیر احمد، نائب امیر ضلع مولانا عتیق عباسی، امیر زون حاجی یاد محمد، ملک عمران، عثمان آکاش، ضیاالقمر، ممبر چکلالہ کینٹ بورڈ خالد محمود مرزا ودیگر ذمہ دار وکارکنان بھی موجود تھے۔
نجی تعلیمی اداروں کے بورنگ بلوں میں بے تحاشا اضافہ پر اظہار تشویش
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) جائنٹ ایکشن کمیٹی آف آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا اجلاس زیر صدارت کنونیئر جائنٹ ایکشن کمیٹی چوہدری ناصر محمود منعقد ہوا،ملک اظہر محمود، ابراراحمد خان،چوہدری محمد طیب، حافظ محمد بشارت، چوہدری امجد زیب، ندیم شیراز اور نصیر احمد جنجوعہ شریک ہوئے،اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈز کی طرف سے نجی تعلیمی اداروں کے پانی اور بورنگ کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا اور یہ بات سامنے آئی کہ اس سے پہلے پانی کے سالانہ بل 12000 روپے کے حساب سے وصول کئے جاتے تھے اور اب اس میں 6 گنا اضافہ کرکے سالانہ 72000 روپے کردیا گیا ہے،نجی تعلیمی اداروں میں پانی کی بورنگ کرنے پر کسی قسم کے چارجز نہیں تھے اب اچانک بغیر اعتماد میں لیے بورنگ کی فیس ڈیڑھ لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
اور ہر تعلیمی ادارے کو پچاس ہزار روپے فیس ماہانہ جمع کروانے کا کہہ دیا ہے،چوہدری ناصر محمود نے اسٹیشن کمانڈر سے مطالبہ کیا کہ اس غیر منصفانہ عمل کا فوری طور پر نوٹس لےں،جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم میں سے کوئی بھی یہ بل جمع نہیں کروائے گا،جائنٹ ایکشن کمیٹی نے سی ای او راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ ملک منیر احمد سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔