وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اعتراف کیا کہ عمران خان ہماری ڈکٹیشن پر نہیں چلتا تھا۔عمر سرفراز نے کہا کہ آئی ایم ایف بھی کہہ چکا ہے کہ اگر یہ مسلط ٹولہ ایک سال تک رہا تو مہنگائی ختم نہیں ہوگی، ملک میں معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے سیاسی استحکام لانا بہت ضروری ہے اور سیاسی استحکام کے لیے جلد از جلد شفاف الیکشن کرائے جائیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں عوامی سیلاب آرہا ہے، وفاقی حکومت کو حقیقی نہیں بلکہ صرف اس عوامی سیلاب کی فکر ہے۔ انکو عوام کا احساس ہوتا تو یہ پہلے دن سے عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے، لیکن انہیں اصل تکلیف مشکلات میں گھری عوام کی پریشانی سے نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ کھڑے عوامی سیلاب سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن سے تمام وسائل سیلاب زدگان کے لیے وقف کیے ہوئے تھے، پنجاب اور کے پی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جارہی ہے، پنجاب میں ریسکیو کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، عمران خان سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بھی فنڈ ریزنگ کر رہے ہیں۔