فحاشی عریانی پر سبینہ، منروا، نور محل اور منروا گولڈ تھیٹرز سیل

Sep 03, 2023

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی ہدایت پر سٹیج ڈراموں میں فحاشی و عریانی کے سدباب کے لیے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو متحرک کر دیا گیا ہے اور چار مزید تھیٹرز سیل کر دیے گئے ہیں۔ چاروں تھیٹرز فیصل آباد میں ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کیے گئے۔ سیل کیے جانے والے تھیٹرز میں سبینہ، منروا، نور محل اور منروا گولڈ شامل ہیں۔ عامر میر نے بتایا کہ پنجاب بھر میں سٹیج ڈراموں میں بیہودگی روکنے کے لیے اب وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز کو ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔ تھیٹرز میں ڈراموں کو روزانہ کی بنیاد پر مونیٹر کیا جائے گا اور روزانہ ہی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ عامر میر نے کہا کہ صوبائی وزارت اطلاعات و ثقافت کی زیر نگرانی پنجاب آرٹس کونسل اور ڈپٹی کمشنر آفس کے افسران سٹیج ڈراموں کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گے۔ سٹیج ڈراموں کی ویڈیو ریکارڈنگ حکومت کی جانب سے مخصوص کردہ کیمرے اور کیمرہ مین کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کو لمحہ بہ لمحہ کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔ پنجاب کابینہ ڈرامیٹک پرفارمینس ایکٹ 1876ء میں ترامیم کرنے جا رہی ہے۔ 2 ہفتوں میں ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم کر کے سٹیج ڈراموں میں ڈانسز پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔

مزیدخبریں