مظفر نگر (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں درختوں کی چوری کے الزام میں مسلمان سابق رکن پارلیمنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے شہر مظفر نگر سے سماج وادی پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ قادر رانا کو پڑوسی کی زمین سے درخت چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ان پر پڑوسی کی زمین پر قبضے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قادر رانا کی پڑوسی انیتا گپتا کی جانب سے دائر درخواست میں ان پر انیتا کی زمین پر موجود چنار اور یوکلپٹس کے 50 سے زائد درختوں کو کاٹنے اور چوری کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ قادر رانا پر اپنی فیکٹری سے آلودہ پانی کھیتوں میں چھوڑنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔