پاک بحریہ کے بحری بیڑے کا پورٹ ام قصر،عراق کا دورہ

Sep 03, 2023

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) پاکستان بحریہ کے جہازوں ہمت، دہشت اور محافظ پر مشتمل بحری بیڑے نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران پورٹ ام قصر، عراق کا دورہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بندرگاہ پہنچنے پر اْم قصر نیول بیس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل لیث عبدالستار، عراقی بحریہ کے اعلیٰ حکام اور عراق میں پاکستانی سفارتی عملے نے پاک بحریہ کے جہازوں کا استقبال کیا۔ مشن کمانڈر نے جہازوں کے کمانڈنگ آفیسرز کے ہمراہ کمانڈر عراقی بحریہ ریئر ایڈمرل مازن عبدالواحد اور میزبان بحریہ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کی توثیق کی گئی۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے عراق کے عوام کیلئے بالعموم اور میزبان بحریہ کیلئے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر عراق میں تعینات پاکستانی سفیر کی جانب سے پی این ایس محافظ پر استقبالیہ عشائیہ بھی دیا گیا جس میں عراقی بحریہ کے افسران اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی. بندرگاہ پرقیام کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے متعدد دو طرفہ سرگرمیوں میں حصہ لیا جن میں بحری جہازوں اور عسکری تنصیبات کے دورے اور سمندر میں مشق کیلئے کو آرڈینیشن میٹنگز شامل تھیں۔ دورے کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہازوں اور عراقی بحریہ کے جہازکے مابین بحری مشق کا انعقادکیا گیا۔پاک بحریہ کے جہازوں کے دورہ ِ عراق سے دونوں ممالک اور بحری افواج کے مابین سفارتی اوردوستانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں