لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کرکٹ کپ 2023 ء میں آج بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں مد مقابل ہونگی ۔میچ دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ بھارت اور نیپال کی ٹیمیں سری لنکن شہر پالی کیلے میں دن اڑھائی بجے مقابلہ کرینگی ۔ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان میچ پرسوں قذافی سٹیڈیم لاہور میں دن اڑھائی بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم آج سہ پہر میں کینڈی سے وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگی۔پاکستان ٹیم چارٹرڈ فلائٹ سے لاہور واپس پہنچے گی۔ 4 ستمبر کو آرام کا موقع ملے گا۔قومی اسکواڈ 5 ستمبر کو ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ کرے گا۔پاکستان ٹیم 6 ستمبر کو سپر فور مرحلے کا میچ افغانستان یا بنگلادیش سے کھیلے گی۔افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شہیدی نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی بڑی اچھی ہے۔ ہماری ٹیم گزشتہ سالوں کی نسبت کافی مضبوط ہے، ٹیم میں نوجوان کھلاڑی بھی ہیں جو اچھا پرفارم کرتے ہیں۔ ہماری سٹرینتھ بائولنگ ہے مگر نوجوان بیٹرز بھی اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔بنگلہ دیش اچھی ٹیم ہے، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔بنگلا دیش ٹیم کے کوچ چندیکا ہتھوراسنگھا نے کہا کہ افغانستان کا دنیا کا بہتریں بائولنگ اٹیک ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں کو اندازہ ہے کہ انہیں کیسے کھیلنا ہے۔ افغان سپنرز کو کیسے کھیلنا ہے ہم نے منصوبہ بندی کی ہے۔