میرانشاہ، شہید میجر، جوان فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک، شہباز شریف، زرداری، بلاول کی تعزیت

Sep 03, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار،نمائندہ خصوصی،خبر نگار) میرانشاہ میں حساس اداروں کی اطلاعات پر دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر عامر عزیز اور سپاہی محمد عارف کو آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ میں حساس اداروں کی اطلاعات پر دہشتگردوں کا مقابلہ کر تے ہوئے 29 سالہ میجر عامر شہید کو  آبائی گاؤں چک 61 شمالی میں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا جبکہ 27 سالہ سپاہی محمد عارف کو ضلع ساہیوال میں سپرد جاک کیا گیا ۔ میجرعامر شہید کی نماز جنازہ مقامی قبرستان میں ادا کی گئی جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ نماز جنازہ میں شہید کے عزیز واقارب اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری،سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر بخاری نے میرانشاہ میں میجر عامر اور سپاہی عارف کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ۔ اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ مادر وطن کو دشمنوں سے پاک کرنے ہوئے میجر عامر شہید اور سپاہی عارف شہید نے جان کا نذرانہ دیا 'دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خاتمے سے امن بحال ہوگا ۔انہو ں نے میجر عامر شہید اور سپاہی عارف شہید کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ سوات کی طرح آپریشن کرکے مادر وطن کو دشمنوں سے پاک کرنا ہوگا ۔جبکہ سابق وزیراعظم شہباز شریف کا شمالی وزیرستان اور خیبر کے اضلاع میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے افسر اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیادہشت گردوں کے خلاف جام شہادت نوش کرنے والے میجر عزیز، حوالدار منتظر شاہ اور سپاہی محمد عارف کو سلام پیش کرتے ہیں ۔سابق وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیاشہبا زشریف نے کہا ہے کہ وطن کی حرمت، سلامتی اور دفاع کے لئے قربانیاں دینے والے شہدا اور غازی قوم کے ہیروز ہیں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ہمارے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کا مظہر ہیں اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

مزیدخبریں