اسلام آباد (خبر نگار+ آئی این پی) پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ سچا عاشق رسول مرتو سکتا ہے کسی لعنتی گستاخ رسول کے لعنتی وکیل کو اپنا وکیل نہیں بنا سکتا۔ اصلی دجال کے حامیوں نے سیاسی دجال کے لئے وکیل کا بندوبست کیا ہے۔ سیاسی ملعون نے سلمان رشدی جیسے ملعون کے وکیل کو اپنا وکیل بنا کر اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں عمران نیازی کا کیس لے جانے کا مطلب پاکستان پر باہر سے9 مئی جیسا حملہ کرانا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ جیفری بدنام زمانہ کا ریکارڈ ہے کہ اس نے عالمی سطح پر ہمیشہ اسلام دشمنوں کی وکالت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے جڑی ہر بات کا سرا اسلام دشمنوں، اخلاق باختہ اور مجرموں سے ملتا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ رابرٹسن ملعون سلمان رشدی کا وکیل رہ چکا ہے جو اسلام اور مسلم مخالف توہین آمیزسرگرمیوں میں ملوث ہے، عمران خان کا اسلام اور مسلم مخالف توہین آمیزسرگرمیوں میں ملوث یہودی وکیل جیفری رابرٹسن کی خدمات حاصل کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے انسانی حقوق کا مقدمہ بنا کر عالمی عدالتوں میں جا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ملعون رشدی کے وکیل کو فخر سے اپنا وکیل کرنے کا اعلان کیا۔ جیفری رابرٹ ریاستوں کے خلاف کام کرنے والوں کی وکالت کرتا رہا۔ جیفری رابرٹ سن نے ملعون سلمان رشدی کو اپنے گھر میں پناہ دے کھی تھی۔ اپنی حمایت کیلئے اسلام اور ملک دشمنوں کو کھڑا کیا جا رہا ہے۔
عمران نے ملعون رشدی کے وکیل کو اپنا وکیل بنا کر اصل چہرہ دکھا دیا: پی ڈی ایم
Sep 03, 2023