شہدا کی قربانیوں کا فراموش نہیں کیا جا سکتا: محسن نقوی، حضرت علی ہجویریؒ کے عرس کیلئے اجلاس

لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے میجر عامر عزیز اورسپاہی محمد عارف کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر عامر عزیز اور شہید سپاہی محمد عارف نے اپنی قیمتی جانیں دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ پاک وطن کے امن کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے سرگودھا لاہور روڈ پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا ہے اور  جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت حضرت داتاگنج بخش ؒ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔ عرس کی 3روزہ تقریبات کاآغاز 5ستمبر سے ہوگا اور10لاکھ سے زائد عقیدت مند عرس کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ عرس کی تقریبات کے دوران محفل سماع، سبیل، نعتیہ مشاعرہ اور خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے عرس کی تقریبات کے لئے بہترین اور شاندار انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ رواں برس عرس کی تقریبات کے لئے انتظامات گزشتہ برسوں سے خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عقیدت مندوں کی سہولت کے لئے ساؤنڈ سسٹم اور ایس ایم ڈیز (سکرینز) لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لنگر خانے میں بیٹھنے کا وسیع انتظام کیا جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن