عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں، اور 13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے، شٹر ڈاؤن ہڑتال نے ثابت کیا کہ کاروباری طبقہ مسائل کےشکنجے میں ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 13 پارٹیاں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بھاگ گئے ہیں، ایک لندن میں دوسرا دبئی میں اور تیسرا سعودی عرب میں چلا گیا ہے، اور یہ لوگ ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں، جب کہ عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی، ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا، گزشتہ روز کی شٹرڈاؤن ہڑتال نے ثابت کیا کہ کاروباری طبقہ مسائل کے شکنجے میں ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا، سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے، ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جارہا، اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے، استحکام نہیں آئے گا تو حالات سنگین اور گھمبیر ہو جائیں گے، ستمبر اہم ترین مہینہ ہے دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لیے خوش آئند ہوگا۔
عوام سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں اور 13 پارٹیوں کے لیڈر بھاگ گئے: شیخ رشید
Sep 03, 2023 | 14:02