میانوالی خوارج دہشتگردوں کا چیک پوسٹ راکٹ حملہ ، 2اہلکار زخمی ، پولیس کا بھر پور جواب 

Sep 03, 2024

میانوالی+اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ عیسیٰ خیل میانوالی کی چیک پوسٹ قبول خیل پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں ناکام رہا۔ ترجمان میانوالی پولیس نے بتایا کہ 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔  پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا ہوگیا۔ جبکہ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق، ڈی ایس پی عیسیٰ خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود رہے اور اس حملے میں 2 پولیس جوان معمولی زخمی ہوئے۔  علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ مفرور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں۔ دہشت گردی حملے کی اطلاع پرآر پی او سرگودھا ریجن محمد شہزاد آصف خان میانوالی پہنچ گئے اور خوارجیوں کے حملے میں زخمی  پولیس جوانوں کی ہسپتال میں عیادت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملہ میں زخمی ہونے والے پولیس کے جوانوں کی عیادت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

مزیدخبریں